ملکی سلامتی، خودمختاری کیلئے افواج کی خدمات ناقابلِ فراموش
معرکۂ حق بنیان مرصوص عشرۂ تشکر کے سلسلے میں تقریب، فوج کو خراج تحسین
اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے) معرکۂ حق بنیان مرصوص عشرۂ تشکر کے سلسلے میں مرکزی مسلم لیگ، وکلاء ونگ (پاک لائرز فورم) اور اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ مقررین نے گزشتہ سال پاکستان کی افواج کی شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بھارت کو دی جانے والی مؤثر جواب دہی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کیا اور کہا کہ وطنِ عزیز کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع کیلئے پاک افواج کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، استحکام اور شہدائے وطن کے درجات کی بلندی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔