معرکہ حق ، کشمیری کمیونٹی کا راولپنڈی میں عظیم الشان کنونشن

معرکہ حق ، کشمیری کمیونٹی کا راولپنڈی میں عظیم الشان کنونشن

وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز سمیت اہم شخصیات کی شرکت ،پاک فوج کو خراج تحسین

راولپنڈی (این این آئی) معرکہ حق / بنیان مرصوص کی پہلی سالگرہ کے موقع پر چکری روڈ دھمیال میں کشمیری کمیونٹی کی جانب سے عظیم الشان کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر کئی افراد نے پیپلز پارٹی آزادجموں و کشمیر میں شمولیت کا اعلان بھی کیا۔تقریب میں وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، سردار یعقوب خان، سردار تنویر الیاس اور دیگر نے شرکت کی ۔حلقہ پونچھ سدھنوتی سے سردار نسیم سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا، فیصل ممتاز راٹھور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی نے پوری دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستانی قوم اور افواج پاکستان اپنے دفاع، نظریے اور سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرتیں۔

آج عالمی سطح پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مندانہ قیادت اور افواجِ پاکستان کی عسکری مہارت اور بہترین دفاعی حکمتِ عملی کا اعتراف کیا جا رہا ہے ۔ ہماری بہادر افواج نے دلیری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنا دیا۔ تقریب کے اختتام پر شہداء کشمیر و پاک فوج کے درجات کی بلندی، مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور پاکستان کی سالمیت اور ترقی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں