توانائی منتقلی کو معاشی ترقی سے ہم آہنگ کرنا ضروری، شزرہ منصب
عوام دوست اصلاحات کے ذریعے ہی موسمیاتی اہداف حاصل کر سکتے ہیں
اسلام آباد (نامہ نگار) وزیرِ مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر شزرہ منصب علی کھرل نے کہا ہے کہ پاکستان میں منصفانہ اور پائیدار توانائی منتقلی کیلئے مربوط پالیسی سازی، مقامی وسائل کو متحرک کرنا، نجی سرمایہ کاری اور کمزور طبقات کا تحفظ ناگزیر ہے کیونکہ توانائی کا تحفظ اب معاشی استحکام اور قومی ترقی سے جڑ چکا ہے۔ محدود مالی گنجائش کے باوجود حقیقت پسندانہ، قابلِ عمل اور عوام دوست اصلاحات کے ذریعے ہی پاکستان صاف توانائی، معاشی استحکام اور موسمیاتی اہداف حاصل کر سکتا ہے۔
انہوں نے یہ بات ماحولیاتی طور پر پائیدار معیشت کی جانب منتقلی کے دوران سماجی و معاشی خوشحالی کے موضوع پر منعقدہ پالیسی مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا اہتمام ایس ڈی پی آئی اور اقوام متحدہ کے اقتصادی و سماجی کمیشن برائے ایشیا و بحرالکاہل (یو این ای ایس سی اے پی) نے مشترکہ طور پر کیا۔ اس موقع پر ایشیا و بحرالکاہل اقتصادی و سماجی سروے 2026کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ ڈاکٹر شزرہ نے کہا کہ توانائی منتقلی کو سماجی و معاشی ترقی سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے تاکہ پیداواری صلاحیت، قیمتوں میں استحکام اور جامع اقتصادی ترقی کو فروغ دیا جاسکے۔