معرکۂ حق، راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شاندار تقریب
ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی، سیاسی و سماجی شخصیات، سول سوسائٹی، نوجوانوں، فیملیز کی شرکت
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) معرکۂ حق میں تاریخی فتح کی سالگرہ کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں ایک شاندار، پروقار اور یادگار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی، سیاسی و سماجی شخصیات، سول سوسائٹی، نوجوانوں، فیملیز اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب میں وطنِ عزیز کی سلامتی، استحکام اور پاک افواج کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا جبکہ شرکاء نے قومی جذبے، یکجہتی اور حب الوطنی کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ سٹیڈیم کو خوبصورت روشنیوں، قومی پرچموں، دلکش سجاوٹ سے آراستہ کر کے ایک منفرد اور دلنشین ماحول فراہم کیا گیا۔
معروف گلوکار فرحان سعید اور مصطفی زاہد نے اپنی شاندار پرفارمنس سے حاضرین کے دل جیت لیے۔ تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری بیرسٹر دانیال چودھری، ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ، رکن قومی اسمبلی ملک ابرار سمیت مختلف سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران شرکاء نے پاک افواج کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی اور ملک کی سلامتی و استحکام کیلئے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔ تقریب رات گئے تک جاری رہی جبکہ شہریوں نے اس کامیاب اور شاندار ایونٹ کو خوب انجوائے کیا اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔