پولیو کے خاتمہ کیلئے ہر بچہ تک رسائی ضروری ،ڈپٹی کمشنر
انسداد پولیو مہم کے چوتھے دن کی کارروائی، پیش رفت کا جائزہ اجلاس ،اہم ہدایات جاری
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ اور ممبر قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب کی مشترکہ صدارت میں انسداد پولیو مہم کے چوتھے دن کی کارروائی اور مجموعی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔ ضلع بھر میں جاری پولیو مہم کی کارکردگی، گھر گھر وزٹ، رہ جانے والے بچوں کی نشاندہی، ٹیموں کی فیلڈ موجودگی اور حساس علاقوں میں خصوصی مانیٹرنگ کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیو ٹیمیں مقررہ اہداف کے مطابق بھرپور انداز میں فرائض سرانجام دے رہی ہیں جبکہ ٹرانزٹ پوائنٹس، بس اڈوں، ریلوے سٹیشنز اور اہم شاہراہوں پر بھی پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے ہر بچے تک رسائی ناگزیر ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔