پاکستان پوسٹ کا بلیو پاٹری پر یادگاری ٹکٹوں کے اجراء کا اعلان

 پاکستان پوسٹ کا بلیو پاٹری   پر یادگاری ٹکٹوں کے اجراء کا اعلان

ڈا ک ٹکٹ آج سے ملک بھر کے منتخب ڈاک خانوں اور فلاتیلی بیوروز میں دستیاب ہوگا

  اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان پوسٹ نے عالمی یوم دستکاری کے موقع پر 10 جون 2026ء کو بلیو پاٹری کے تاریخی فن کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے خصوصی یادگاری ڈاک ٹکٹوں کا ایک سلسلہ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ اس اقدام کا مقصد پاکستان کے منفرد اور تاریخی روایتی ہنر کو اجاگر کرنا اور ملک کے شاندار ثقافتی و فنی ورثے کو نمایاں کرنا ہے ۔بلیو پاٹری اپنی نیلگوں رنگت، نفیس پھولدار نقش و نگار اور اعلیٰ دستکاری کے لیے مشہور ہے۔

اس صدیوں پرانے فن کی جڑیں تاریخی شہر ملتان سے وابستہ ہیں اور یہ آج بھی پاکستان کی ثقافتی شناخت اور تخلیقی ورثے کی مضبوط علامت سمجھا جاتا ہے ۔اس خصوصی اجراء کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ ڈاک ٹکٹوں کا ڈیزائن ابو عبیدہ ایاز نے تیار کیا ہے جنہیں پاکستان کے کم عمر ترین ڈاک ٹکٹ ڈیزائنر کے طور پر تسلیم کیا جاتا ہے ۔ پاکستان پوسٹ اس موقع پر تین یادگاری ڈاک ٹکٹوں کا سیٹ، ایک سووینئر شیٹ، فرسٹ ڈے کور، معلوماتی کتابچہ اور خصوصی فرسٹ ڈے کینسلیشن جاری کرے گا۔ترجمان کے مطابق پاکستان کی دستکاریاں ملک کی تخلیقی صلاحیتوں، تاریخ اور ثقافتی شناخت کی عکاس ہیں۔ یادگاری ڈاک ٹکٹ اور متعلقہ فلاتیلی مواد 10 جون 2026ء سے ملک بھر کے منتخب ڈاک خانوں اور فلاتیلی بیوروز میں دستیاب ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں