جلوسوں کے راستوں کو مکمل کارڈن روشنی کا انتظام کیا جائے ،ڈی آئی جی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس جواد طارق نے آٹھ محرم الحرام کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امام بارگاہوں اور جلوسوں کے مجوزہ روٹس کا دورہ کیا۔
ڈی آئی جی نے جلوسوں کے روٹس، امام بارگاہوں اور دیگر حساس مقامات پر کیے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات تمام افسران و اہلکاروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جلوسوں کے راستوں کو مکمل طور پر کارڈن کیا جائے اور روٹس پر روشنی کے مناسب انتظامات کو یقینی بنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران جلوسوں اور مجالس کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ وضع کردہ ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ مزید برآں، جلوسوں اور مجالس کے شرکاء کی حفاظت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔ اسلام آباد پولیس محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے ۔ بین المسالک ہم آہنگی، بھائی چارے ، رواداری اور مذہبی احترام کے فروغ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے ۔