مری ،جنگلات اراضی پر قبضہ کے دوران تصاد م متعدد اہلکار زخمی

 مری ،جنگلات اراضی پر قبضہ کے دوران تصاد م متعدد اہلکار زخمی

محکمہ جنگلات اور پیرافور س کارروائی کیلئے گئے تو ان پر حملہ کر دیا گیا ،مقدمہ درج

مری (نمائندہ دنیا) جنگلات کی اراضی پر قبضے کے دوران تصادم کے نتیجے میں محکمہ جنگلات کے متعدد اہلکار شدید زخمی ہو گئے ، سرکاری اراضی پر قبضہ کی خبر پر محکمہ جنگلات کے میونسپل فاریسٹ کے عملے کو متحرک کیا گیا جبکہ ڈپٹی کمشنر مری کی ہدایت پر پیرا فورس بھی کارروائی میں شامل ہو گئی ،محکمہ جنگلات اور پیرا فورس نے موقع پر پہنچ کر غیر قانونی کیمپ ختم کرنے اور سرکاری اراضی واگزار کرانے کی کارروائی شروع کی محکمہ جنگلات کے مطابق اس دوران وہاں موجود 7 سے 8 افراد، جن میں خواتین بھی شامل تھیں نے مبینہ طور پر کلہاڑیوں، تیز دھار آلات، لوہے کے راڈ اور ڈنڈوں سے سرکاری اہلکاروں پر حملہ کر دیا اور انہیں جان سے مارنے کی کوشش کی حملے کے نتیجے میں محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کو سر اور چہرے پر شدید چوٹیں آئیں۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او مری کی ہدایت پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ،محکمہ جنگلات کا کہنا ہے کہ تمام ملوث افراد کی شناخت کر لی گئی ہے اور ان کے خلاف سرکاری اراضی پر ناجائز قبضے سرکاری ملازمین پر حملہ اقدام قتل اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے ،ادھر متاثرین کا کہنا ہے کہ لینڈسلائیڈنگ کے دوران ہمارے مکان تباہ ہوئے بجائے انتظامیہ ہمیں چھت فراہم کرتے ہمیں تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں