محرم الحرام تعطیلات، گلیات اور ایوبیہ میں سیاحوں کارش
بیشتر ہوٹل، گیسٹ ہائوسز اور ریزورٹس مکمل طور پر بھر گئے ،کئی سیاح کھلے آسمان تلے سوئے
ایبٹ آباد (اے پی پی) محرم الحرام کی تعطیلات کے دوران گلیات، ایوبیہ، نتھیا گلی، ڈونگا گلی اور ملحقہ سیاحتی مقامات پر سیاحوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔ ملک کے مختلف شہروں سے ہزاروں خاندان خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے گلیات پہنچے ، جس کے باعث بیشتر ہوٹل، گیسٹ ہاسز اور ریزورٹس مکمل طور پر بھر گئے ۔شدید رش کے باعث کئی سیاحوں کو رہائش نہ مل سکی، جس پر متعدد خاندانوں نے اپنی گاڑیوں، کھلے آسمان تلے ، پارکوں اور مختلف مقامات پر ٹینٹ لگا کر رات گزارنے کو ترجیح دی۔ اس حوالہ سے سیاحوں نے بتایا کہ انہوں نے گھنٹوں تک ہوٹل تلاش کیے مگر کہیں بھی کمرہ دستیاب نہ ہو سکا۔سیاحوں کے غیر معمولی ہجوم کے باعث شاہراہوں پر ٹریفک کا دبا بھی بڑھ گیا،سیاحتی مقامات، پارکوں، چیئر لفٹس، بازاروں اور ریسٹورنٹس میں بھی دن بھر غیر معمولی گہماگہمی رہی۔