صحت عامہ کے منصوبوں کی بروقت تکمیل اولین ترجیح،کمشنر
راولپنڈی میں بچوں کیلئے جدید اور خصوصی علاج کی سہولت کی اشد ضرورت ہے
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) کمشنر راولپنڈی ڈویژن سلمان غنی نے سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود کے ہمراہ اصغر مال راولپنڈی میں زیر تعمیر چلڈرن ہسپتال کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں بچوں کیلئے جدید اور خصوصی علاج کی سہولت کی اشد ضرورت ہے ۔ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایات ہیں کہ اس منصوبے کو اسی فنانشل سال میں مکمل کیا جائے ۔ اس منصوبے کے مکمل ہونے کے بعد نہ صرف راولپنڈی بلکہ گرد و نواح کے اضلاع کے بچوں کو بھی معیاری طبی سہولیات ایک ہی جگہ میسر آئیں گی اور انہیں دور دراز شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔ کمشنر سلمان غنی نے ہدایت کی کہ ہسپتال کیلئے جدید ہسپتال ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کو منصوبے کا لازمی حصہ بنایا جائے تاکہ طبی فضلے کو ماحول دوست اور محفوظ انداز میں تلف کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ بائیو میڈیکل ویسٹ کی محفوظ تلفی کیلئے تمام قومی و بین الاقوامی معیارات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے ۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے اور ہسپتال کی عمارت کا اسٹرکچر مکمل کیا جا چکا ہے ۔ ابتدا میں اس منصوبے کو 200بستروں پر مشتمل ہسپتال کے طور پر ڈیزائن کیا گیا تھا، تاہم عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کی گنجائش بڑھا کر 400بستروں تک کر دی گئی ہے ۔ ہسپتال میں جدید طبی سہولیات، بالخصوص ایم آر آئی مشین سمیت جدید تشخیصی اور علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ سیکرٹری ہیلتھ نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں بجلی، گیس، پانی، سیوریج، پارکنگ، رسائی سڑکوں، فائر سیفٹی، آکسیجن سپلائی، آئی ٹی نیٹ ورک اور دیگر معاون انفراسٹرکچر کی بروقت تکمیل کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ ہسپتال فعال ہونے کے بعد مریضوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق صحت عامہ کے منصوبوں کی بروقت تکمیل حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments