لوک ورثہ میوزیم میں امریکی لبرٹی بیل نمائش کا افتتاح
پاکستان امریکہ کیساتھ ثقافتی تعلقات مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم :اورنگزیب کھچی
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی اور پاکستان میں امریکہ کے قائم مقام سفیر (یو ایس چارج ڈی افیئرز) اینڈی ہیلس نے گزشتہ روز لوک ورثہ ہیریٹیج میوزیم میں \"لیٹ فریڈم رنگ\" (Let Freedom Ring) امریکی لبرٹی بیل نمائش کا مشترکہ افتتاح کیا، جو پاکستان اور امریکہ کے درمیان دیرینہ ثقافتی شراکت داری کی علامت ہے ۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے امریکہ کے اعلانِ آزادی کی 250ویں سالگرہ پر امریکی عوام کو مبارکباد پیش کی اور پاکستان کے عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ ثقافتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے ، کیونکہ عوامی روابط اور ثقافتی تعاون دونوں ممالک کے دیرینہ دوطرفہ تعلقات کے مضبوط ترین ستونوں میں شامل ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اگرچہ پاکستان ایک نسبتاً نوجوان جمہوریہ ہے ، تاہم آئینی جمہوریت، انفرادی آزادی اور معاشی خودمختاری جیسے وہی اصول ہمارے لیے بھی اہم ہیں جنہوں نے امریکی خواب کی بنیاد رکھی۔انہوں نے کہا کہ لوک ورثہ میوزیم میں اس نمائش کا انعقاد باعثِ مسرت ہے کیونکہ یہ ادارہ پاکستان کے زندہ ثقافتی ورثے کا امین ہے ۔ ان کے مطابق یہ نمائش پاکستان اور امریکہ کے درمیان ثقافتی، فنی اور تاریخی روابط کی عکاس ہے اور دونوں ممالک کی بھرپور روایات کا جشن بھی ہے ،پاکستانی فنکاروں کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان غیر معمولی تخلیقی صلاحیتوں کے حامل فنکاروں کی سرزمین ہے ، جو اپنے فن کے ذریعے قوم کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments