اسلامک یونیورسٹی اورجامعہ ہزارہ میں تعلیمی تعاون معاہدہ پر اتفاق

 اسلامک یونیورسٹی اورجامعہ ہزارہ میں تعلیمی تعاون معاہدہ پر اتفاق

دونوں جامعات میں اساتذہ کے تبادلے اور عربی زبان کے فروغ کوآگے بڑھایاجائیگاعلمی و تحقیقی تعاون کو وسعت دینے کے امکانات تلاش کیے جائیں:سرداریوسف کاخطاب

مانسہرہ(دنیا رپورٹ) بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آباد کے صدر و قائم مقام ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے ہزارہ یونیورسٹی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اور یونیورسٹی کے حکام نے اساتذہ کے تبادلے اور عربی زبان کی تعلیم کے فروغ سے متعلق تعاون کے معاہدے کو آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے نائب صدر انتظامی و مالیاتی امور پروفیسر ڈاکٹر عبد الرشید بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈاکٹر احمد سعد الاحمد وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کی دعوت پر بطور مہمانِ خصوصی مانسہرہ پہنچے ، انہوں نے فیکلٹی اور یونیورسٹی قیادت سے خطاب سے قبل ہزارہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ خان سے ملاقات کی۔اپنے خطاب میں ڈاکٹر احمد سعد الاحمد نے کہا کہ سعودی عرب ہمیشہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر کرتا رہا ہے ، اور دونوں ممالک مشترکہ گہری دوستی کے رشتے میں بندھے بھائی ہیں۔ انہوں نے تقویٰ کے اسلامی تصور پر بھی روشنی ڈالی اور حاضرین کو بتایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے اسوہ حسنہ کی پیروی ہی مسلمانوں کے لیے صحیح راستہ ہے ۔صدر بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی نے کہا کہ جامعات محض اعلیٰ تعلیم کے مراکز نہیں بلکہ ایسے ادارے ہیں جہاں مستقبل کے رہنما، اہلِ علم اور ذمہ دار شہری پروان چڑھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی برادر اداروں کے ساتھ اشتراک کو بہت اہمیت دیتی ہے ، اور انہیں یقین ہے کہ ہزارہ یونیورسٹی کے ساتھ علمی تعاون، مشترکہ تحقیق اور بہترین تجربات کے تبادلے سے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم مزید مضبوط ہوگی۔ اپنے خطاب میں سردار محمد یوسف نے تجویز دی کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اور ہزارہ یونیورسٹی کے درمیان علمی و تحقیقی تعاون کو وسعت دینے کے امکانات تلاش کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصاً اسلامیات، شریعہ و قانون اور عربی زبان کے شعبوں میں، مشترکہ تحقیق، اساتذہ و طلبہ کے تبادلے کے پروگراموں، سیمینارز، کانفرنسز اور نصاب سازی میں دو طرفہ تعاون کے وسیع مواقع دستیاب ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کو پاکستان کے صفِ اول کے علمی اداروں میں شمار کرتے ہوئے اسلامیات، شریعہ، قانون، عربی زبان، دعوہ اور تحقیق کے میدانوں میں اس کی خدمات کا ذکر کیا، اور کہا کہ اس کے فارغ التحصیل افراد دنیا بھر میں تدریس، قانون، عدلیہ، انتظامیہ اور بین الاقوامی اداروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے ہزارہ یونیورسٹی کے کیمپس میں شاہ عبدالعزیز مسجد کی تعمیر میں سعودی عرب کے تعاون کو سراہتے ہوئے اسے ایک پائیدار تحفہ قرار دیا جو نسلوں تک طلبہ کے لیے فائدہ مند رہے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...