روہڑی کے قریب کامیاب کارروائی، اسلحہ سمگلنگ کی کوشش ناکام
ملزمان اسلحہ کی یہ کھیپ پشاور سے اندرون سندھ سمگل کر رہے تھے ،بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد
اسلام آباد (اے پی پی) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے موٹروے (ایم فائیو) پر روہڑی کے قریب کامیاب کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ سمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی اور 38 ہتھیاروں، 18 ہزار سے زائد گولیاں اور دیگر بارودی مواد کی بڑی کھیپ برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق یہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب اوور سپیڈنگ پر ایک مشتبہ کار کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تاہم ملزمان نے تین مختلف مقامات پر پولیس کے اشاروں کو نظر انداز کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ موٹروے پولیس نے اعلی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے گاڑی کا تعاقب کیا اور روہڑی کے قریب اسے کامیابی سے گھیر کر روک لیا۔گاڑی کی تفصیلی تلاشی کے دوران 14ایس ایم جی رائفلیں، 19تیس بور پستول، 4نائن ایم ایم پستول، 1 شاٹ گن، 18 ہزار سے زائد مختلف بور کی گولیاں، 89اضافی میگزین(46 ایس ایم جی اور 43پستول میگزین)، 4ٹیلی سکوپس اور 5موبائل فونز برآمد ہوئے۔ ترجمان نے بتایا کہ ملزمان اسلحہ کی یہ کھیپ پشاور سے اندرون سندھ سمگل کر رہے تھے ۔ گرفتار ملزمان عبید اﷲ اور عبد اﷲ کا تعلق بالترتیب پشاور اور کوہاٹ سے ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments