پاک سنگاپور سفارتی تعلقات کی 60ویں سالگرہ پر مینگو فیسٹیول
تقریب میں سنگاپور کے وزیر مملکت خارجہ امور نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کیفیسٹیول میں پاکستان کی اعلیٰ معیار کے آموں کی اقسام، چونسہ اور سنسیشن پیش کیے گئے
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان ہائی کمیشن سنگاپور نے پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے 60سال مکمل ہونے کی تقریبات کے سلسلے میں پاکستانی آموں کی نمائش کیلئے ’’مینگو فیسٹیول‘‘ کا انعقاد کیا۔تقریب میں سنگاپور کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور ذوالکرنین عبدالرحیم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ فیسٹیول میں حکومتی عہدیداروں، کاروباری برادری، سفارت کاروں، میڈیا نمائندوں اور پاکستانی و سنگاپورکی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ فیسٹیول میں پاکستان کی اعلیٰ معیار کے آموں کی اقسام، بالخصوص معروف چونسہ اور سنسیشن پیش کیے گئے ۔ شرکا کو پاکستانی آموں کے منفرد ذائقے، خوشبو اور معیار سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملا۔ سنگاپور میں پاکستان کی ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے کہا کہ پاکستانی آم ذائقے کے اعتبار سے اپنی مثال آپ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہائی کمیشن ایسے پروگراموں کے ذریعے سنگاپور کے عوام کو پاکستان کے ثقافتی تنوع، روایتی مہمان نوازی اور قومی خصوصیات سے متعارف کرانے کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے کی کوشش کرتا ہے ۔ تقریب کے دوران ‘‘سلام پاکستان’’ کے عنوان سے ایک مختصر ویڈیو بھی دکھائی گئی، جس میں پاکستان کے خوبصورت مناظر، سیاحتی مقامات اور بھرپور ثقافتی ورثے کو اجاگر کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments