ہراسانی کے خلاف بلڈر کی درخواست پر اینٹی کرپشن حکام کو نوٹس،جواب طلب

ہراسانی کے خلاف بلڈر کی درخواست پر اینٹی کرپشن حکام کو نوٹس،جواب طلب

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے سیاسی بنیادوں پر ہراساں کیا جارہا ہے ، درخواست گزار کا دعویٰ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے اسکیم 33 میں پراجیکٹ بند کرنے کے معاملے پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے مبینہ ہراسانی کے خلاف بلڈر کی درخواست پر اینٹی کرپشن حکام کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تین ہفتوں میں جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے درخواست گزار کو ہراساں نہ کرنے کی ہدایت بھی کردی۔سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ میں بلڈر کی جانب سے اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کے خلاف دائر درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ 2022-23 میں اسکیم 33 میں قانون کے مطابق پراجیکٹ بند کردیا گیا تھا۔ درخواست گزار کے مطابق پراجیکٹ کے الاٹیز کو ان کی رقم واپس کی جاچکی ہے ، جبکہ الاٹیز کی جانب سے متعلقہ شکایت بھی واپس لے لی گئی ہے۔

اس کے باوجود اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے کارروائی کی جا رہی ہے اور انہیں مبینہ طور پر ہراساں کیا جارہا ہے ۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے سیاسی بنیادوں پر ہراساں کیا جارہا ہے ، لہٰذا عدالت مداخلت کرتے ہوئے غیر قانونی کارروائی سے تحفظ فراہم کرے ۔ عدالت نے درخواست کی سماعت کے بعد اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ کو نوٹس جاری کردیئے، عدالت نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ درخواست گزار کو ہراساں نہ کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...