قبضے روکنے کیلئے مستقل نگرانی کا نظام وضع کرنے کی ہدایت

 قبضے روکنے کیلئے مستقل نگرانی کا نظام وضع کرنے کی ہدایت

مسائل کو محکموں کی الگ الگ کارروائیوں سے حل نہیں کیا جاسکتا،محکمے اپنی ذمہ داریوں کا واضح تعین کریں،چیف سیکریٹری سرکاری اخراجات کے مثبت نتائج بہتر سڑکوں، صاف ستھرے محلوں اور سہولتوں کی صورت میں نظر آنے چاہئیں،وزیربلدیات

کراچی (اسٹاف رپورٹر )چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ اور صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ کی مشترکہ صدارت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں کراچی کو درپیش اہم شہری اور بنیادی ڈھانچے کے مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ٹریفک کی روانی، تجاوزات، سڑکوں کی تعمیر و مرمت، پانی و سیوریج، کچرے کی صفائی اور غیر قانونی تعمیرات سمیت دیگر امور زیر بحث آئے ۔ اجلاس میں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ بورڈ سید نجم احمد شاہ، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، ایڈیشنل چیف سیکریٹری بلدیات و ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی وسیم شمشاد ،کراچی پولیس چیف آزاد خان سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ کراچی کے مسائل کو محکموں کی الگ الگ کارروائیوں سے حل نہیں کیا جاسکتا، اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ، مربوط اور مقررہ مدت پر مبنی حکمت عملی اپنانا ہوگی۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا واضح تعین کریں، عملی اور حقیقت پسندانہ مدت مقرر کریں اور باہمی رابطے اور فیصلوں پر عمل درآمد کی نگرانی کے لیے فوکل پرسنز نامزد کریں۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے مسلسل مسائل سے دوچار علاقوں کی نشاندہی اور نقشہ بندی کرکے عارضی مہمات کے بجائے مستقل بنیادوں پر حل پیش کیے جائیں۔ چیف سیکریٹری نے یوٹیلیٹی اداروں اور ترقیاتی ایجنسیوں کے درمیان رابطے کو مزید مؤثر بنانے پر بھی زور دیا تاکہ نئی تعمیر یا مرمت کی گئی سڑکوں کو پانی، سیوریج یا دیگر یوٹیلیٹی کاموں کے لیے بار بار کھودنے کا سلسلہ روکا جاسکے ۔صوبائی وزیر بلدیات نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی میں بلدیاتی سہولتوں کی بہتری اور بنیادی ڈھانچے کے ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے ۔ انہوں نے بلدیاتی اداروں اور شہری ایجنسیوں کو فیلڈ مانیٹرنگ مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری اخراجات کے مثبت نتائج بہتر سڑکوں، صاف ستھرے محلوں اور پانی و سیوریج کی بہتر سہولتوں کی صورت میں شہریوں کو نظر آنے چاہئیں۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اجلاس کو شہر کے اہم بلدیاتی مسائل اور ان کے حل کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں سڑکوں، فٹ پاتھوں، برساتی نالوں اور سرکاری اراضی پر قائم تجاوزات کا بھی جائزہ لیا گیا۔حکام کو ہدایت کی گئی کہ تجاوزات ہٹانے کے بعد دوبارہ قبضے روکنے کے لیے مؤثر اور مستقل نگرانی کا نظام وضع کیا جائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...