گردوں کی بیماریوں کے اسکریننگ پروگرام کا فیصلہ

گردوں کی بیماریوں کے اسکریننگ پروگرام کا فیصلہ

یونین کونسل کی سطح پر پروگرام کا مقصد گردوں سے متعلق بیماریوں کی ابتدائی مرحلے میں نشاندہی اور امراض کی حقیقی شرح کا تعین کرنا ہے ،میئراسکریننگ کے نتیجے میں جن شہریوں کو مزید طبی نگہداشت یا علاج کی ضرورت ہوگی، انہیں متعلقہ طبی مراکز اور اسپتالوں میں ریفر کیا جائے گا ،مرتضیٰ وہاب

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہریوں کو بیماریوں کی بروقت تشخیص اور احتیاطی طبی سہولیات کی فراہمی کو مزید بہتر بنانے کے لیے کراچی انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز کو کراچی بھر میں یونین کونسل کی سطح پر گردوں کی بیماریوں کی اسکریننگ کا پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے ۔ اس اقدام کا مقصد گردوں سے متعلق بیماریوں کی ابتدائی مرحلے میں نشاندہی، شہر میں گردوں کے امراض کی حقیقی شرح کا تعین اور ایسے شہریوں کی بروقت شناخت کرنا ہے جنہیں مزید طبی معائنے ، علاج اور نگہداشت کی ضرورت ہو۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی انسٹی ٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیزز کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ یونین کونسل چیئرمینز کے تعاون سے بڑے پیمانے پر اسکریننگ پروگرام منعقد کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اسکریننگ کے نتیجے میں جن شہریوں کو مزید طبی نگہداشت یا علاج کی ضرورت ہوگی، انہیں متعلقہ طبی مراکز اور اسپتالوں میں ریفر کیا جائے گا جہاں ان کے علاج میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کے ایم سی روایتی حدود سے آگے بڑھ کر کراچی کے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے اور بنیادی شہری خدمات کو بہتر بنانے کے لیے اپنا کام جاری رکھے گی۔ پروگرام کی کامیابی میں یونین کونسل چیئرمینز کا کردار انتہائی اہم ہوگا کیونکہ وہ نچلی سطح پر عوام اور مقامی آبادیوں سے براہ راست رابطے میں ہوتے ہیں۔یونین کونسل چیئرمینز کا اس اقدام میں اہم کردار ہے ۔ وہ اپنے علاقوں کے شہریوں تک پہنچنے ، لوگوں کو اسکریننگ پروگرام میں شرکت کے لیے ترغیب دینے اور ایسے افراد کو متعلقہ طبی مراکز سے منسلک کرنے میں ہماری مدد کر سکتے ہیں جنہیں طبی نگہداشت کی ضرورت ہو۔

انہوں نے کہا کہ گردوں کی بیماریوں کی اسکریننگ کا پروگرام کو نچلی سطح تک وسعت دی جائے گی اور بلدیہ عظمیٰ کراچی احتیاطی طبی خدمات، بیماریوں کے حوالے سے آگاہی اور خصوصی علاج تک رسائی کو مزید بہتر بنانے کے لیے آئندہ بھی مختلف اقدامات جاری رکھے گی۔ میئر کراچی نے کے آئی کے ڈی کی انتظامیہ اور متعلقہ یونین کونسل نمائندگان کو ہدایت کی کہ اسکریننگ پروگرام کے لیے مؤثر رابطہ کاری اور منصوبہ بندی کو یقینی بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس اقدام سے مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اقدام کے ذریعے حاصل ہونے والے اعداد و شمار مستقبل میں کراچی کے شہریوں کے لیے صحت سے متعلق منصوبہ بندی، طبی اقدامات اور سہولیات کی فراہمی میں بھی معاون ثابت ہوں گے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...