رانا تنویر سے مصری سفیر کی ملاقات، تعلقات بڑھانے پر اتفاق
مصر کے ساتھ دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ،وفاقی وزیر
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر سے پاکستان میں مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد عبدالحمید حسن نے ملاقات کی، جس میں زراعت، غذائی تحفظ اور جدید زرعی ٹیکنالوجیز کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مصر کے ساتھ اپنے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے جدید زراعت، پانی کے بہتر انتظام، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ کاشتکاری اور زرعی ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مصر کی نمایاں پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ میں مصر کی زرعی ترقی اور مشکل حالات میں زرعی پیداوار بڑھانے کے تجربے سے متاثر ہوا ہوں۔ مصر کے سفیر ڈاکٹر ایہاب محمد عبدالحمید حسن نے پاکستان اور مصر کے درمیان زرعی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ مصری اداروں کو باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے کی ترغیب دی جائے گی۔ ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان زرعی تعاون کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے باہمی رابطہ جاری رکھا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments