شہریوں کو سروسز بروقت فراہم کی جائیں،سی ٹی او اسلام آباد
کائنات اظہر کا پولیس خدمت مراکز کا دورہ ،انتظامات و سہولیات کا جائزہ لیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کائنات اظہر خان نے مختلف پولیس خدمت مراکز اور آسان خدمت مرکز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے شہریوں کو فراہم کی جانے والی مختلف پولیس سروسز، سہولیات اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔اس موقع پر سی ٹی او اسلام آباد نے خدمت مراکز پر موجود افسران و اہلکاروں سے سروسز کی فراہمی کے طریقہ کار، شہریوں کو درپیش مسائل اور ان کے حل سے متعلق بریفنگ لی۔
سی ٹی او اسلام آباد نے افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی کہ خدمت مراکز پر آنے والے شہریوں کو بروقت، شفاف اور بہترین پولیس سروسز فراہم کی جائیں اور کسی شہری کو بلاوجہ انتظار نہ کروایا جائے ۔انہوں نے کہا کہ شہریوں سے خوش اخلاقی، احترام اور بہترین رویے سے پیش آنا پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام دوست پولیسنگ اور بہترین سروس ڈ لیوری کے ذریعے شہریوں کا پولیس پر اعتماد بحال کرنا ضروری ہے ۔ کائنات اظہر خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments