سٹنٹنگ کی شرح میں کمی کیلئے حکمت عملی بنا ئی جا ئے ، وزیر صحت
غذائی قلت پر قابو پائے بغیر صحت کے شعبہ میں اہداف کا حصول ناممکن ،گفتگو
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفی کمال سے وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر عدنان پاشا نے گزشتہ روز ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران عدنان پاشا نے وفاقی وزیر کو ملک میں نیوٹریشن اور بچوں میں نمو کی کمی یعنی سٹنٹنگ کے تدارک کے حوالے سے ایک نئے منصوبے پر بریفنگ دی، مصطفی کمال نے کہا کہ غذائی قلت پر قابو پائے بغیر صحت کے شعبے میں مطلوبہ اہداف کا حصول ناممکن ہے۔
پاکستان میں ہر سال زچگی کے دوران تقریباً 11 ہزار مائیں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں، جبکہ بچوں میں شدید غذائی قلت کے باعث 43 فیصد بچے سٹنٹنگ کا شکار ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ماں کی مناسب غذائیت ہی ایک صحت مند بچے کی بنیاد رکھتی ہے اور صحت مند بچے ہی آگے چل کر ایک مضبوط معاشرے کے ضامن بنتے ہیں۔ مصطفی کمال نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملک سے غذائی قلت کے خاتمے، سٹنٹنگ کی شرح میں نمایاں کمی لانے اور ماں و بچے کی صحت بہتر بنانے کے لیے جلد از جلد قابلِ عمل ، جامع و مربوط حکمت عملی مرتب کی جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments