پاکستان ، ماریشس میں ثقافتی روابط بڑھانے کی ضرورت ،سفیر
دونوں ممالک کے عوا م کو دو طرفہ آگاہی دینی چاہئے ،منصور کریم بخش کی گفتگو
اسلام آباد(اپنے رپورٹرسے )ماریشس کے پاکستان میں سفیر منصور کریم بخش نے پاکستان سے تجارتی و ثقافتی روابط بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ماریشس کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں، جن سے دونوں ممالک فائدہ اٹھا سکتے ہیں دونوں ممالک کے عوام کو ایک دوسرے کے بارے میں مزید آگاہی دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے پروگرام \\\'\\\'میٹ دی پریس\\\'\\\' میں کیا۔ این پی سی آمدپر نیشنل پریس کلب کے صدر عبدالرزاق سیال اور سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ نے سفیر کا استقبال کیا ۔ماریشس کے سفیر نے کہا مجھے پاکستان آکر بہت اچھا محسوس ہوا۔
پاکستانی عوام انتہائی مہمان نواز، محبت کرنے والے اور دوستانہ ہیں، اس لیے انہیں یہاں کبھی اجنبیت کا احساس نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سرمایہ کاروں کے لیے ماریشس میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں جبکہ وہ پاکستان میں بھی سرمایہ کاری اور کاروباری روابط بڑھانے کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی ترجیح پاکستان اور ماریشس کے درمیان بزنس ٹو بزنس روابط، طلبہ کے تبادلے ، سیاحت اور تعلیمی تعاون کو فروغ دینا ہے ،اس سلسلے میں ستمبر میں نوجوانوں کے حوالے سے ایک سیمینار منعقد کرنے کا بھی منصوبہ ہے ۔پروگرام کے اختتام پر سفیر کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments