اسلام آباد:عیدمیلادالنبیؐ پرفول پروف سکیورٹی پلان تشکیل
وفاقی دارالحکومت میں 3ہزار پولیس افسرو جوان سکیورٹی فرائض انجام دیں گے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)اسلام آباد پولیس نے جشن عید میلاد النبی کے موقع پر مساجد، مذہبی اجتماعات اور مرکزی جلوس کی سکیورٹی کے لیے جامع اور فول پروف سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے ۔سکیورٹی پلان کے تحت وفاقی دارالحکومت میں 3000سے زائد پولیس افسران و جوان سکیورٹی فرائض انجام دیں گے ، جبکہ تمام پولیس ٹیمیں اپنے متعلقہ علاقوں میں مؤثر گشت کریں گی۔ گشت اور سکیورٹی انتظامات کی نگرانی متعلقہ ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کریں گے ، جبکہ تمام انتظامات کی زونل ایس پیز خود نگرانی کریں گے۔
جشنِ عید میلاد النبی کے دوران SWAT، DELTA فورس کمانڈوز، سی ٹی ڈی، کیپیٹل پٹرول یونٹ، لیڈی کمانڈوز، مسلح پولیس اور سول کپڑوں میں تعینات پولیس افسران و اہلکار بھی سکیورٹی فرائض انجام دیں گے ۔ اس کے علاوہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروں کی خصوصی ڈیوٹیاں بھی لگائی گئی ہیں۔سکیورٹی پلان کے تحت شہریوں کی واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرزکے ذریعے مکمل چیکنگ کی جائے گی، جبکہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی سخت چیکنگ جاری رہے گی۔ جلوس کے روٹ اور اطراف میں آنے والی تمام گلیوں، مساجد اور دیگر مذہبی عبادت گاہوں پر بھی پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments