سینیٹ کمیٹی کا اردو یونیورسٹی کے تدریسی ، انتظامی بحران پر اظہار تشویش

سینیٹ کمیٹی کا اردو یونیورسٹی کے تدریسی ، انتظامی بحران پر اظہار تشویش

سینیٹ اور سنڈیکیٹ کی تشکیل جلد مکمل کی جا ئے ،سینیٹ قائمہ کمیٹی تعلیم کی ہدایت الخیر یونیورسٹی کے غیر مجاز کیمپسز کے طلبہ کیلئے جامع امتحان کی شرط برقرار رکھنے کا فیصلہ

 اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کا اجلاس پیر کو سینیٹر بشریٰ انجم بٹ کی زیر صدارت ہوا ۔ چیئرپرسن نے کمیٹی اجلاسوں میں وزیر اور سیکرٹری کی مسلسل عدم شرکت پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔ الخیر یونیورسٹی کے حوالے سے ایچ ای سی نے بتایا کہ تعلیمی بے ضابطگیوں، غیر مجاز فرنچائزنگ اور غیر معیاری تعلیم کے باعث یونیورسٹی کے آپریشنز پہلے ہی معطل کیے جاچکے تھے ، غیر مجاز الحاق شدہ کالجز سے فارغ التحصیل 11515 افراد کے لیے ڈگری تسلیم کرانے کی خاطر جامع امتحان پاس کرنا لازمی قرار دیا گیاہے ۔ غیر مجاز کیمپسز اور الحاق شدہ کالجز کے طلبہ کے لیے امتحان پاس کرنے کی شرط برقرار رکھی گئی ہے ۔ وائس چانسلر قائداعظم یونیورسٹی نے وضاحت کی کہ آٹھویں سمسٹر میں عرفان مہدی نامی کوئی طالب علم زیر تعلیم نہیں، جبکہ شکایت کنندہ نے ای میل میں فرضی نام استعمال کیا۔

کمیٹی نے وفاقی اردو یونیورسٹی آف آرٹس، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے انتظامی اور مالی مسائل کا بھی جائزہ لیا اور یونیورسٹی میں انتظامی خلا پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سینیٹ اور سنڈیکیٹ کی تشکیل مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ کمیٹی نے ایچ ای سی کو ہدایت کی کہ تکنیکی ڈپلومہ رکھنے والے افراد کے ساتھ منصفانہ سلوک یقینی بنانے کے لیے ڈی اے ای کی تعلیمی مساوات سے متعلق پالیسی فریم ورک کا دوبارہ جائزہ لیا جائے ۔ چیئرپرسن نے سی ڈی اے کو ہدایت کی کہ وہ وہیل چیئر استعمال کرنے والے افراد اور دیگر خصوصی ضروریات رکھنے والے شہریوں کے لیے مخصوص بس روٹس کا دوبارہ جائزہ لے کر انہیں ضرورت کے مطابق تبدیل کرے اور کمیٹی کو عمل درآمد کی تازہ رپورٹ جلد پیش کرے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...