اختیارمعاملہ پر کمرشل برانچ اور ریلوے پولیس میں ٹھن گئی

اختیارمعاملہ پر کمرشل برانچ اور ریلوے پولیس میں ٹھن گئی

بغیر ٹکٹ مسافروں کیخلاف ایکشن سپیشل ٹکٹ ایگزامینر، کمرشل عملہ کا اختیار ریلوے پولیس کو کمرشل برانچ کی معاونت کا پابند کیا جا ئے ، وزارت ریلوے کو مراسلہ

راولپنڈی(خاورنوازراجہ ) ریلوے پولیس کی جانب سے ازخود بغیرٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کے خلاف کریک ڈاؤن پر کمرشل برانچ اورریلوے پولیس میں ٹھن گئی۔ ریلوے پولیس اور کمرشل انتظامیہ کے درمیان ٹکٹ چیکنگ کے اختیار کا معاملہ سامنے آگیا۔ ریلوے پولیس کے 17 ستمبر 2026 کے مراسلے میں تمام ٹرینوں میں بغیر ٹکٹ مسافروں کی چیکنگ لازمی قرار دیتے ہوئے ایس ایچ اوز اور ڈیوٹی افسران کو کارروائی کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ریلوے کے کمرشل شعبے نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سابقہ احکامات کے تحت ٹکٹ چیکنگ کا بنیادی اختیار سپیشل ٹکٹ ایگزامینر اور کمرشل عملے کے پاس ہے جبکہ ریلوے پولیس کا کردار معاونت تک محدود ہے۔

وزارت ریلوے کو بھیجے گئے مراسلے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 29 جنوری 2009 کے احکامات کے تحت ٹکٹوں کی چیکنگ کا بنیادی اختیار سپیشل ٹکٹ ایگزامینر اور متعلقہ کمرشل ٹکٹ چیکنگ عملے کے پاس ہے ۔ 2012 اور 2021 کے احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے بھی کہا گیا ہے کہ ریلوے پولیس کو آزادانہ طور پر ٹکٹ چیکنگ کرنے سے روکا گیا تھا تاہم موجودہ صورتحال میں ریلوے پولیس کے افسران کمرشل چیکنگ سٹاف کے ساتھ مشترکہ ٹکٹ چیکنگ کر سکتے ہیں ۔ کمرشل برانچ ریلوے نے وزارت ریلوے کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے پولیس کو پابند کیا جائے کہ وہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف کارروائی میں کمرشل برانچ کی معاونت کرے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...