انسدادپولیو مہم ، 7 لاکھ 77 ہزار 710 بچوں کا ہدف
4 ہزار 21 موبائل، 230 فکسڈ اور 148 ٹرانزٹ ٹیمیں مصروف عملپہلے روز 3 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے گئے ،والدین سے تعاون کی اپیل
ملتان (وقائع نگار خصوصی،لیڈی رپورٹر)ضلع ملتان میں تین روزہ خصوصی قومی پولیو مہم شروع کر دی گئی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی ہدایت پر ضلعی حکام اور اسسٹنٹ کمشنرز نے گزشتہ روز فیلڈ میں موجود رہ کر پولیو ٹیموں کی کارکردگی اور مہم کے انتظامات کی نگرانی کی۔ مہم کے دوران ضلع بھر میں 7 لاکھ 77 ہزار 710 پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، جبکہ مہم کے پہلے روز 3 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے گئے ۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کے مطابق پولیو مہم کے لیے 4 ہزار 399 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 4 ہزار 21 موبائل، 230 فکسڈ اور 148 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ مہم کی مؤثر نگرانی کے لیے 833 ایریا انچارجز اور 135 یونین کونسل میڈیکل افسران بھی اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جنرل بس سٹینڈ، ویگن سٹینڈ اور دیگر اہم عوامی مقامات پر بھی خصوصی پولیو ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں تاکہ پانچ سال سے کم عمر کوئی بچہ حفاظتی قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ مشترکہ کوششوں سے ہی ممکن ہے ۔ ضلعی انتظامیہ نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اور اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments