ڈینگی کی روک تھام ،جعلی ادویات کا خاتمہ ضروری ،وزیر صحت
بروقت اور پیشگی تدابیر کی بدولت اس سال کیسز کی تعداد کمی ہوئی ،ڈی ایچ او
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال کی صدارت میں انسدادِ ڈینگی کا اجلاس ہوا، ملک بھر خصوصاً وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی کی صورتحال اور انسداد کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی ایچ او نے شرکاء کو انسدادِ ڈینگی کی پیش رفت اور جاری اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے مہینوں میں ڈینگی کا سیزن عروج پر ہوتا ہے ، بروقت اور پیشگی تدابیر اختیار کرنے کی بدولت اس سال کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے ۔ وفاقی وزیر صحت نے فیلڈ میں متحرک ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ انسدادِ ڈینگی کے ان مؤثر اقدامات اور مثبت نتائج کو باقاعدہ دستاویزی شکل دی جائے تاکہ مستقبل میں بھی ان سے استفادہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ صورتحال میں بہتری آنے کے باوجود ڈینگی کے خلاف کارروائیوں میں کسی قسم کی سستی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ دوسری جانب وفاقی وزیر کی صدارت میں پاکستان ویٹرنری فارماسیوٹیکل ایسوسی ایشن کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ویٹرنری ادویات پر 2D بارکوڈ نظام کے نفاذ اور ان کی ٹریس ایبلٹی کا جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا ملک میں جعلی ادویات کا خاتمہ اب ناگزیر ہو چکا ہے ، کیونکہ اس سے نہ صرف معیاری فارماسیوٹیکل صنعت کی ساکھ مزید مضبوط ہوگی بلکہ عوام کو معیاری ادویات کی فراہمی بھی ممکن ہو سکے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments