خانیوال،صنعت زار میں خواتین ڈسپلے سنٹر، بیوٹی سیلون قائم
ڈی سی نے افتتاح کردیا، طالبات کی تیار مصنوعات فروخت، سستی سہولتیں فراہم
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خواتین کو معاشی طور پر خودکفیل بنانے کے وژن کے تحت ضلعی انتظامیہ کی زیرسرپرستی صنعت زار خانیوال میں ڈسپلے سنٹر اور بیوٹی سیلون قائم کردیئے گئے ۔ ڈپٹی کمشنر حنا ارشد نے ڈسپلے سنٹر اور بیوٹی سیلون کا افتتاح کیا۔ ڈسپلے سنٹر میں صنعت زار کی طالبات کی تیار کردہ دستکاری، ملبوسات اور مختلف ہینڈ کرافٹ اشیا فروخت کیلئے دستیاب ہوں گی۔اس اقدام کا مقصد طالبات کی تیار کردہ مصنوعات کو مارکیٹ تک رسائی فراہم کرنا اور انہیں ہنر کے ذریعے باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔ صنعت زار میں قائم بیوٹی سیلون میں خواتین کو مارکیٹ کے مقابلے میں تقریباً 50 فیصد کم نرخوں پر معیاری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے بیوٹی سیلون کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حنا ارشد نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر خودکفیل بنانا حکومت پنجاب کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ صنعت زار کے ذریعے خواتین اور طالبات کو مختلف ہنر سکھانے کے ساتھ ان کی تیار کردہ مصنوعات کو مارکیٹ تک رسائی بھی دی جارہی ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں سے باعزت روزگار حاصل کرسکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments