ملتان: ویمن یونیورسٹی میں تعلیمی سرگرمیاں تیز
معیاری تعلیم کی فراہمی ہدف،تمام سٹاف تعاون کرے ،وی سی شاہدہ بتول
ملتان (خصوصی رپورٹر)ویمن یونیورسٹی ملتان کے متی تل کیمپس میں تدریسی شعبہ جات کے سربراہان کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں تعلیمی امور، تدریس کے معیار، طلبہ کو درپیش مسائل، شعبہ جات کی انتظامی کارکردگی اور جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے اور تعلیمی معاملات کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وائس چانسلر نے کہا کہ تدریس و تحقیق کے معیار کو برقرار رکھنے کے ساتھ طلبہ کے مسائل کا بروقت حل اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔ تمام شعبہ جات اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کرتے ہوئے باہمی رابطے سے تعلیمی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنائیں۔پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے کہا کہ تعلیمی معیار میں بہتری کیلئے مضبوط قیادت، مؤثر رابطہ کاری اور طلبہ مرکز تعلیمی ماحول بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ شعبہ جات کے سربراہان تدریسی معیار کی مسلسل نگرانی، اساتذہ و طلبہ کے درمیان مؤثر رابطے اور طلبہ کی علمی، تحقیقی و پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کیلئے اقدامات کریں۔انہوں نے تدریسی عمل میں جدت اور تحقیق کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جامعات کو روایتی تدریسی طریقوں کے ساتھ جدید علمی و تحقیقی رجحانات بھی اپنانا ہوں گے ۔ طلبہ کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور مسائل کے بروقت ازالے کیلئے شعبہ جات کے درمیان قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے ۔وائس چانسلر نے کہا کہ یونیورسٹی کی ترقی تمام انتظامی و تدریسی شعبہ جات کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اجلاس میں تعلیمی سرگرمیوں کے بروقت نفاذ، انتظامی امور، طلبہ کی سہولت اور تدریسی معیار بہتر بنانے کے مختلف اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments