21 نئی ریسکیو وفائر فائٹنگ گاڑیاں کراچی پورٹ پہنچ گئیں جلد سی ڈی اے سروس کا حصہ بنیں گی

 21 نئی ریسکیو وفائر فائٹنگ گاڑیاں کراچی پورٹ پہنچ گئیں جلد سی ڈی اے سروس کا حصہ بنیں گی

کیپیٹل ایمرجنسی سروس نے ستمبر میں1475ہنگامی صورتحال پر بروقت رسپانس دیا، 82 آتشزدگی کے واقعات پر بھی کارروائی کی 1152 میڈیکل ایمرجنسی کالز، 123، طبی ہنگامی صورتحال، 433 ٹریفک حادثات شامل، ریسکیو آپریشنز ،ماہانہ رپورٹ

    اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر داخلہ د محسن نقوی کی ہدایات اور چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی نگرانی میں کیپیٹل ایمرجنسی سروس (سی ای ایس) نے ستمبر 2026 کے دوران اسلام آباد میں 1,475 ہنگامی کالز پر بروقت کارروائی کی، جبکہ 21 نئی ریسکیو اور فائر فائٹنگ گاڑیوں کی شمولیت سے شہر کی ایمرجنسی رسپانس صلاحیت مزید مضبوط ہونے جا رہی ہے ۔کیپیٹل ایمرجنسی سروس کی ماہانہ رپورٹ کے مطابق ستمبر میں سب سے زیادہ 1,152 کالز ایمرجنسی میڈیکل سروس سے متعلق تھیں، جن میں 544 طبی ہنگامی صورتحال، 433ٹریفک حادثات، 120 متفرق کیسز، 46 گرنے کے واقعات، 6 جرائم سے متعلق کیسز اور 3 ڈوبنے کے واقعات شامل ہیں۔اس دوران سی ای ایس نے 82 آتشزدگی کے واقعات پر بھی کارروائی کی۔ ان میں بجلی سے لگنے والی آگ کے 29، گھروں میں آتشزدگی کے 10، گاڑیوں میں آگ کے 6، ایل پی جی، گیس یا مائع سے متعلق دھماکوں یا آتشزدگی کے 2، عمارتوں اور کمرشل علاقوں میں آگ کے 17، گرین ایریاز میں 7 اور کچرے میں آگ لگنے کے 11واقعات شامل تھے۔

ریسکیو ٹیموں نے ستمبر میں 123 دیگر ریسکیو آپریشنز بھی انجام دیے ، جن میں 44 پانی نکالنے کے آپریشنز، ایک منہدم ڈھانچے کا واقعہ، پہاڑی علاقوں، کنوں اور دیگر مقامات پر پھنسے افراد سے متعلق 11 آپریشنز، 65 جانوروں کے ریسکیو کیسز اور 2 گرے ہوئے درختوں کے واقعات شامل ہیں۔ماہ کے دوران سی ای ایس نے ہنگامی اور سکیورٹی سے متعلق ذمہ داریاں بھی انجام دیں۔ اسلام آباد کے شہریوں نے طبی ہنگامی صورتحال، ٹریفک حادثات، آتشزدگی اور دیگر سنگین واقعات میں سی ای ایس کے بروقت اور پیشہ ورانہ رسپانس کو سراہتے ہوئے اہلکاروں کی خدمات پر اظہار تشکر کیا ہے ۔ دریں اثنا اسلام آباد میں ایمرجنسی رسپانس اور فائر فائٹنگ کی صلاحیت بڑھانے کے لیے 21 نئی ریسکیو و فائر فائٹنگ گاڑیاں کراچی پورٹ پہنچ گئی ہیں، جو جلد اسلام آباد پہنچ کر ریسکیو 1122 اور فائر بریگیڈ کے بیڑے میں شامل کی جائیں گی۔ حکام کے مطابق یہ اضافہ 17 سال کے وقفے کے بعد اسلام آباد کے ایمرجنسی رسپانس انفراسٹرکچر میں ایک بڑی توسیع ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی نے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کے ہمراہ 29 ستمبر کو کراچی پورٹ کا دورہ کیا اور نئی گاڑیوں کا معائنہ کیا۔ نئی گاڑیاں اسلام آباد کے 6 ایمرجنسی اسٹیشنز کے ذریعے 24 گھنٹے دستیاب رہیں گی۔نئے بیڑے میں 4 ایریل فائر ٹرکس، 6 فائر ٹاورز اور 5 فائر ٹینڈرز شامل ہیں، جو جدید ریسکیو اور فائر فائٹنگ آلات سے لیس ہیں۔ حکام کو دی گئی بریفنگ کے مطابق خصوصی گاڑیاں 256 فٹ تک بلندی پر فائر فائٹنگ اور ریسکیو آپریشنز انجام دے سکتی ہیں۔، جس سے بلند عمارتوں اور مشکل رسائی والے مقامات پر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت بہتر ہوگی۔ محسن نقوی نے نئی گاڑیوں کی آمد کو اسلام آباد کی ایمرجنسی سروسز کے لیے اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ فلیٹ 2009 کے بعد اسلام آباد کے ریسکیو بیڑے میں سب سے بڑی توسیع ہے ۔ انہوں نے نئی گاڑیوں کی فراہمی میں تیزی لانے پر حکومت چین کا بھی شکریہ ادا کیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...