میپکو: بجلی ڈیمانڈ بڑھ گئی، لوڈ شیڈنگ میں اضافہ
جنوبی پنجاب میں موسم کی حالیہ شدت اور شدید حبس کے باعث بجلی کا بحران سنگین ہو گیا ،شارٹ فال 400 میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ، صارفین پریشان شہری علاقوں میں 4 سے 6 گھنٹے ، دیہات میں 6 سے 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ، کئی علاقوں میں پانی کی قلت ،فیکٹریوں و دکانوں میں کام ٹھپ
ملتان (خصوصی رپورٹر)موسم کی شدت، میپکو بجلی ڈیمانڈ پوری کرنے میں ناکام،لوڈشیڈنگ میں ہولناک اضافہ، شہری پریشان اور کاروبار تباہ تفصیل کے مطابق جنوبی پنجاب میں موسم کی حالیہ شدت اور شدید حبس کے باعث بجلی کا بحران سنگین ترین صورتحال اختیار کر گیا ہے ، جہاں ملتان الیکٹرک پاور کمپنی صارفین کی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ پوری کرنے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے ۔ میپکو کے آفیشل ڈیٹا اور پاور ڈویژن کے ذرائع کے مطابق، ریجن میں بجلی کی کل طلب تقریباً 2200 میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے ، جبکہ طلب اور رسد میں بڑھتے ہوئے فرق کی وجہ سے شارٹ فال 400 میگاواٹ سے تجاوز کر گیا ہے ، جس نے گرڈ اسٹیشنز پر دباؤ بڑھا دیا ہے ۔
اس بڑے خسارے کے باعث پورے ریجن میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا ہولناک سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور وزیراعظم کے احکامات کے برعکس شہری علاقوں میں 4 سے 6 گھنٹے جبکہ دیہی علاقوں میں 6 سے 12 گھنٹے تک بجلی غائب کی جا رہی ہے ۔ اس صورتحال نے میپکو ریجن کے 11 اضلاع کے تقریباً 99 لاکھ صارفین کی زندگی مفلوج کر کے رکھ دی ہے ، پینے کے پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے اور وولٹیج کے اتار چڑھاؤ سے شہریوں کے قیمتی گھریلو آلات جل رہے ہیں۔ دوسری جانب، مسلسل بجلی کی بندش سے تاجر برادری کا کاروبار مکمل طور پر تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے اور فیکٹریوں و دکانوں میں کام ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے ، جس پر شہریوں اور تاجروں نے میپکو انتظامیہ کی خاموشی کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments