سپورٹس ویک خوبصورت رنگوں کے ساتھ شروع
روایتی ملبوسات زیب تن کرکے قومی یکجہتی اور ثقافتی تنوع کی دلکش عکاسی کی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)یونیورسٹی آف سرگودھا میں فیکلٹی آف فارمیسی کا سالانہ سپورٹس ویک کھیلوں کے جوش و خروش اور قومی ثقافت کے خوبصورت رنگوں کے ساتھ شروع ہوگیا۔ افتتاحی تقریب میں طلبہ و طالبات نے پاکستان کے چاروں صوبوں کے روایتی ملبوسات زیب تن کرکے قومی یکجہتی اور ثقافتی تنوع کی دلکش عکاسی کی۔ تقریب کے دوران کہیں سندھی چادر اور روایتی لباس کے رنگ نمایاں رہے تو کہیں بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی ثقافت کی جھلک دکھائی دی۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر تصور حیات کو خیبرپختونخوا کی روایتی کیپ، سندھی چادر اور بلوچستانی پگ پہنائی گئی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ کھیل طلبہ میں نظم و ضبط، ٹیم ورک اور سپورٹس مین شپ کا جذبہ پیدا کرنے کے ساتھ ان کی شخصیت سازی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ افتتاحی تقریب میں مختلف سمسٹرز کی ٹیموں نے رنگا رنگ کٹس میں مارچ پاسٹ کیا۔ جبکہ ساتھی طلبہ نے نعروں اور تالیوں سے اپنی ٹیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ فیکلٹی آف فارمیسی کا سالانہ سپورٹس ویک گزشتہ 15 سال سے جاری روایت کا تسلسل ہے ، جس میں اساتذہ اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments