ویمن یونیورسٹی کے آٹھویں کانووکیشن کی تیاریاں مکمل
وزیراعلیٰ پنجاب ،صوبائی وزیر سکندرحیات سمیت اہم شخصیات کی آمد متوقع
ملتان (خصوصی رپورٹر)دی ویمن یونیورسٹی ملتان کے آٹھویں کانووکیشن کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ 26 نومبر کو متی تل کیمپس میں منعقد ہونے والی تقریب کے لئے پنڈال سجا دیا گیا ہے ، جبکہ سٹیج، مہمانوں کے استقبال، سکیورٹی اور پروٹوکول سمیت تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ترجمان کے مطابق کانووکیشن میں چانسلر و گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کی شرکت متوقع ہے ، جبکہ وزیراعلیٰ ، صوبائی وزیر سکندر حیات اور دیگر اہم شخصیات کی بھی آمد کا امکان ہے ۔ تقریب میں فارغ التحصیل طالبات کو ڈگریاں اور نمایاں تعلیمی کارکردگی دکھانے والی طالبات کو گولڈ میڈلز دیئے جائیں گے ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے تقریب کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے متی تل کیمپس کا دورہ کیا اور اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور انتظامی افسروں نے شرکت کی۔ اس دوران سٹیج مینجمنٹ، سکیورٹی پلان، مہمانوں کے استقبال، میڈیا کوریج، طالبات کی نشستوں اور ڈگریوں و گولڈ میڈلز کی تقسیم سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسروں نے اپنی تیاریوں کے حوالے سے وائس چانسلر کو بریفنگ بھی دی۔اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ کانووکیشن کسی بھی تعلیمی ادارے کی تاریخ کا اہم سنگ میل ہوتا ہے ۔ یہ تقریب طالبات کی برسوں کی محنت، لگن اور تعلیمی کامیابیوں کے اعتراف کا موقع فراہم کرتی ہے ۔ فارغ التحصیل طالبات اپنی تعلیم اور صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر ملک و معاشرے کی ترقی میں کردار ادا کریں گی۔انہوں نے متعلقہ شعبہ جات کو ہدایت کی کہ تمام انتظامات پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کئے جائیں۔دریں اثنا آج 25 نومبر کو فل ڈریس ریہرسل ہوگی ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments