جرائم پیشہ عناصر کیخلاف گرینڈ آپریشن کے احکامات
متعلقہ اداروں کے مابین معلومات کا تبادلہ، فوری ریسپانس یقینی بنانے کی ہدایت
ملتان (کرائم رپورٹر)سی پی او ملتان اختر فاروق کی زیر صدارت سی پی او کمپلیکس میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی ٹی او ملتان کاشف اسلم، ایس پی کینٹ ڈاکٹر خدیجہ عمر، ٹریفک پولیس، جے ٹی ٹی، سیف سٹی، سی آر او، اسپیشل برانچ اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسروں نے شرکت کی۔اجلاس میں شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ، جرائم کی روک تھام اور مختلف قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔سی پی او ملتان اختر فاروق نے متعلقہ افسروں کو ہدایت کی کہ شہر کے اہم مقامات پر سکیورٹی اور پولیس پٹرولنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے۔
مشکوک سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی کی جائے اور سیف سٹی سمیت تمام متعلقہ اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے اور فوری رسپانس کو یقینی بنایا جائے ،سنگین جرائم میں ملوث مجرموں کی گرفتاری کیلئے گرینڈ آپریشن کیا جائے ۔سی پی او ملتان نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ، امن و امان کا قیام اور جرائم کی روک تھام ملتان پولیس کی اولین ترجیحات ہیں۔ تمام ادارے باہمی تعاون سے اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دیں۔ملتان پولیس شہریوں سے اپیل کرتی ہے کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کریں، دورانِ چیکنگ پولیس اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر دیں۔شہری غیر مصدقہ اطلاعات اور افواہوں کو پھیلانے سے گریز کریں۔ شہر میں امن و امان برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments