حکومت کا سکولوں میں انسداد منشیات مہم سخت کرنے کا فیصلہ
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب حکومت نے سکولوں میں انسدادِ منشیات مہم مؤثر بنانے کے لئے صوبے بھر کے تمام سرکاری و نجی سکولوں کے سربراہان اور اساتذہ کو نئی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق سکولوں میں سگریٹ، ویپ، آئس اور دیگر ممنوعہ اشیا کے استعمال اور فروخت کی روک تھام کے لئے طلبہ کے سکول بیگز کی اچانک تلاشی لی جائے گی۔ ممنوعہ اشیا برآمد ہونے کی صورت میں متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔حکومت نے سکول انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ بیگز کی اچانک چیکنگ، مشکوک سرگرمیوں کی فوری نشاندہی اور ان کے خلاف کارروائی یقینی بنائی جائے ، جبکہ تعلیمی اداروں میں نشہ آور اشیا کے استعمال اور فروخت کا مکمل سدباب کیا جائے ۔ہدایات میں سکولوں کے داخلی و خارجی دروازوں اور اطراف کی کڑی نگرانی کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے تاکہ ممنوعہ اشیا کی سکولوں میں ترسیل اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے ۔حکومت نے والدین اور اساتذہ کو بھی انسدادِ منشیات مہم میں فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلبہ کو نشہ آور اشیا کے نقصانات سے آگاہ کیا جائے اور سکولوں کو منشیات سے پاک بنانے کے لئے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments