دوسرے بین الاقوامی مقابلہ حسنِ قرات کا اسلام آباد میں آغاز
پہلے روز 13ممالک کے قراء نے خوبصورت آوازوں میں تلاوت قرآن کریم پیش کی
اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ) وزارت مذہبی امور کے زیر اہتمام دوسرے بین الاقوامی مقابلہ حسنِ قرات کا اسلام آباد میں آغاز ہوگیا۔ تین روزہ عالمی مقابلے کے پہلے روز 13 ممالک کے ممتاز قراء نے اپنی خوبصورت آوازوں میں تلاوت قرآن کریم پیش کی۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار یوسف نے کہا کہ پاکستان کے لیے یہ اعزاز ہے کہ وہ اس عالمی مقابلے کی میزبانی کر رہا ہے ۔ یہ محض ایک مقابلہ نہیں بلکہ قرآن کریم سے ہماری وابستگی اور اس کی تعلیمات کے فروغ کے عزم کا اظہار ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت قرآن کریم کی تعلیم، ترویج اور تحفظ کو قومی ذمہ داری سمجھتی ہے۔
قرآن مجید کی طباعت و اشاعت میں اغلاط کے خاتمے کے لیے قانون سازی کی گئی ہے اور ملک بھر میں معیاری نسخے کے نفاذ کے لیے اقدامات کیے گئے ہیں۔ مقابلے کے پہلے روز کیمرون، جرمنی، عراق، تنزانیہ، ترکیہ، الجزائر، آئیوری کوسٹ، اردن، مراکش، پاکستان، قطر، ٹوگو، تیونس اور ایتھوپیا کے قرا کرام نے تلاوت قرآن کریم پیش کی۔ آج انڈونیشیا، ایران، بنگلہ دیش، فرانس، گیمبیا، ملائیشیا، مالدیپ، مالی، فلسطین، فلپائن، مصر، گنی، کینیا، لیبیا، موزمبیق، نائیجیریا، جمہوریہ چاڈ اور ازبکستان سمیت 19 ممالک کے قراء اپنی تلاوت پیش کریں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments