تیز رفتار ٹرکوں اور رکشوں کی بے ہنگم آمدو رفت ،ٹریفک حادثات کا خطرہ بڑھ گیا
خطرناک موڑ پر نہ سپیڈ بریکر نصب ، نہ کوئی نمایاں وارننگ بورڈ موجود اور نہ ہی ٹریفک کی رفتار کنٹرول کرنے کیلئے مناسب حفاظتی انتظامات ، دکانداروں کی گفتگو
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) خوشاب روڈ پر جھال چکیاں کی جانب جاتے ہوئے نواب کا چک کی طرف نکلنے والے موڑ پر ٹریفک حادثات کا خطرہ سنگین صورتحال اختیار کر گیا، جہاں تیز رفتار ٹرکوں، موٹر سائیکلوں اور رکشوں کی بے ہنگم آمدورفت کے باعث شہریوں کا گزرنا انتہائی دشوار ہو چکا ہے ۔ نواب کا چک کی جانب مڑنے والی گاڑیوں اور وہاں سے مین روڈ پر آنے والے شہریوں کو تیز رفتار ٹریفک کے باعث ہر وقت حادثے کا خطرہ لاحق رہتا ہے ۔ آج بھی اسی مقام پر ایک تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل سوار کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ مقامی رہائشیوں اور دکانداروں کے مطابق اس خطرناک موڑ پر نہ اسپیڈ بریکر نصب ہے ، نہ کوئی نمایاں وارننگ بورڈ موجود ہے اور نہ ہی ٹریفک کی رفتار کنٹرول کرنے کے لیے مناسب حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ آئے روز حادثات کے باوجود متعلقہ محکموں کی جانب سے تاحال کوئی مؤثر اقدام سامنے نہیں آیا۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کسی بڑے جانی نقصان سے پہلے فوری طور پر اسپیڈ بریکر، وارننگ بورڈز، رفتار کم کرنے کے اشارے اور دیگر حفاظتی انتظامات کیے جائیں تاکہ اس خطرناک مقام کو مزید انسانی جانوں کے لیے خطرہ بننے سے روکا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments