31 اکتوبر تک شجرکاری کے اہداف مکمل کرنے کا حکم
زیرزمین الیکٹریفکیشن کے کام میں تاخیر پر میپکو کنٹریکٹر پر برہمی کا اظہار ،ماڈل قبرستان میں صفائی، لائٹنگ، پانی، قبروں کی مارکنگ اور انتظامی نظام بہتر بنانے کی ہدایت
ملتان(وقائع نگار خصوصی) کمشنر عامر کریم خاں کی زیرصدارت مختلف اجلاسوں اور فیلڈ وزٹس کے دوران شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، حضرت شاہ رکن عالمؒ کے 713ویں سالانہ عرس، شجرکاری مہم اور ماڈل قبرستان کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ میونسپل کارپوریشن کی اپنی آمدن سے مجوزہ ترقیاتی سکیموں پر بریفنگ کے دوران کمشنر نے ٹریفک کی روانی، شہری رابطوں اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبہ بندی کی ہدایت کی۔ تاریخی بازاروں کی خوبصورتی، یکساں شیڈز، سائن بورڈز اور بہتر لائٹنگ پر بھی غور کیا گیا۔شجرکاری کے حوالے سے کمشنر نے 31 اکتوبر تک اہداف مکمل کرنے اور پودوں کی نگہداشت یقینی بنانے کا حکم دیدیا ،نمبرداری گرانٹ کے تحت الاٹ شدہ اراضی پر 56 ہزار 980 پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا، جس کے مقابلے میں اب تک 37 ہزار 598 پودے لگائے جا چکے ہیں اسی طرح مختلف سرکاری سکیموں کے تحت الاٹیز کی اراضی پر 4 لاکھ 21 ہزار 150 پودے لگانے کا ہدف مقرر ہے ، کمشنر نے برانڈ روڈ کا دورہ کرکے زیرزمین الیکٹریفکیشن کے کام میں تاخیر پر میپکو کنٹریکٹر پر برہمی کا اظہار کیا اور کام چند روز میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ بتایا گیا کہ سول ورک 71 فیصد سے زائد مکمل ہوچکا ہے ۔ انہوں نے روزانہ نگرانی اور افرادی قوت و مشینری بڑھانے کا حکم دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments