ہوٹل پلاٹس،پٹرول پمپ سائٹس کی اوپن نیلامی کل ہوگی
کل صبح 10بجے پانچ ہوٹل پلاٹس ، 13اکتوبر کو پٹرول پمپس سائٹس نیلام ہونگی
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) سی ڈی اے نے وفاقی دارالحکومت میں کمرشل رئیل سٹیٹ اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پانچ اہم ہوٹل پلاٹس اور سات پٹرول پمپ سائٹس کی اوپن نیلامی کا اعلان کر دیا ہے ۔ نیلامی 12اور 13اکتوبر کو جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔سی ڈی اے کے مطابق 12 اکتوبر کو صبح 10 بجے پانچ ہوٹل پلاٹس نیلام کیے جائیں گے ، جن میں ڈی 12 مرکز کا پلاٹ نمبر 22، ایف 5/1میں کنونشن سینٹر ہوٹل پلاٹ نمبر 6اور فائیو اسٹار ہوٹل پلاٹ نمبر 8، ای 11 نادرن اسٹرپ میں ہوٹل پلاٹ اور سرینگر ہائی وے پر اسپورٹس کمپلیکس اور مارگلہ ہوٹل کے درمیان واقع ہوٹل پلاٹ شامل ہیں۔سی ڈی اے نے کامیاب بولی دہندگان کے لیے ایک سال میں ادائیگی کی سہولت متعارف کرائی ہے ۔ 25 فیصد ادائیگی پر بلڈنگ پلان کی منظوری جبکہ 75 فیصد ادائیگی پر قبضہ دیا جائے گا، تاہم بقیہ رقم کے لیے مقامی شیڈولڈ بینک کی قابل قبول بینک گارنٹی فراہم کرنا ہوگی۔ نیلامی میں کامیاب ہونے والے سرمایہ کاروں کو 30 دن کے اندر مکمل ادائیگی پر 5 فیصد رعایت بھی دی جائے گی، جبکہ امریکی ڈالر میں مکمل ادائیگی کی صورت میں مزید 5 فیصد رعایت حاصل کی جا سکے گی۔بیرون ملک مقیم پاکستانی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے نیلامی سے کم از کم ایک روز قبل ٹوکن جاری کرنے کا انتظام بھی کیا گیا ہے ، جبکہ ادائیگی روشن ڈیجیٹل اکانٹ یا مقامی بینکنگ ذرائع سے کی جا سکے گی۔دوسری جانب 13 اکتوبر کو رجسٹرڈ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے لیے سات پٹرول پمپ سائٹس کی اوپن نیلامی ہوگی۔ نیلامی میں کامیاب بولی دہندگان تعمیرات، ترقیاتی کاموں، یوٹیلیٹیز، قانونی منظوریوں، ٹیکسز اور لائسنسنگ سمیت تمام اخراجات کے خود ذمہ دار ہوں گے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments