ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا اجلاس، پیرودھائی اڈے کے معاملات پر غور
جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کمیٹی کی پیش کردہ سفارشات کا جائزہ لیاگیا
راولپنڈی(نیوز رپورٹر)ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کا خصوصی اجلاس ڈپٹی کمشنر راولپنڈی ندیم ناصر کی زیر صدارت ہوا۔ جنرل بس سٹینڈ پیرودھائی کی مجموعی صورت حال، انتظامی و مالی معاملات، سکیورٹی، ٹرانسپورٹ آپریشنز اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کمیٹی کی پیش کردہ سفارشات کا جائزہ لیاگیا۔ رپورٹ میں بتایا کہ جنرل بس اسٹینڈ پیرودھائی 1976 سے قائم ہے جس کا رقبہ دوسودس کنال سے زائد ہے اور اس وقت سی کلاس بس اسٹینڈ کے طور پر کام کر رہا ہے، جہاں روزانہ تقریباً 40 ہزار مسافروں کی آمدورفت ہوتی ہے، جبکہ تقریباً 65 پبلک سروس گاڑیاں فی گھنٹہ یہاں سے گزرتی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 65 ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے لیے 37 فعال سٹینڈ دستیاب ہیں، تاہم مسافروں اور ٹرانسپورٹ آپریشنز کی ضروریات کے پیش نظر موجودہ انفراسٹرکچر اور انتظامی نظام میں بہتری کی ضرورت ہے ۔کمیٹی نے سفارش کی کہ بس اسٹینڈ کو سی کلاس سے بی کلاس میں اپ گریڈ کرنے کے لیے اور مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے نئے ماسٹر پلان کی تیاری اور بے کی تعداد تقریباً 80 تک بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ اس کے ساتھ گاڑیوں کی پارکنگ، آمد و روانگی، مختلف شہروں کے لیے ٹرانسپورٹ آپریشنز اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے منظم اور کمپیوٹرائزڈ نظام کی تنصیب کا بھی جائزہ لیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments