رواں سال کی آخری انسداد پولیو مہم 12 دسمبر سے شروع ہوگی

 رواں سال کی آخری انسداد پولیو مہم 12 دسمبر سے شروع ہوگی

مہم میں 4کروڑ 50لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) ملک بھر میں رواں سال کی آخری انسدادِ پولیو مہم 12 دسمبر سے شروع ہوگی، انسداد پولیو مہم میں 4 کروڑ 50 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ،قومی انسدادِ پولیو پروگرام کے مطابق انسداد پولیو مہم میں ملک کے 167 اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ تمام والدین اور سرپرستوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کا خیرمقدم کریں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے دو قطرے لازمی پلوائیں، خواہ انہیں گزشتہ مہمات یا معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات کے دوران پہلے بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہوں۔

اس اقدام کا مقصد بچوں کو عمر بھر کی معذوری کا سبب بننے والی اس موذی بیماری سے محفوظ رکھنا ہے ۔پولیو کا کوئی علاج نہیں، تاہم ویکسین کے ذریعے اس موذی مرض سے بچاؤ ممکن ہے ۔ پولیو ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے اور دنیا کے 195 ممالک، بشمول تمام مسلم اکثریتی ممالک میں کامیابی سے استعمال کی جا رہی ہے ۔نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر برائے انسدادِ پولیو کی قیادت اور وزارتِ قومی صحت کی انتظامی نگرانی میں منعقد ہونے والی یہ مہم ملک بھر میں سال بھر جاری رہنے والی انسدادِ پولیو کی کوششوں کا تسلسل ہے ۔ اس مہم کے ذریعے پانچ سال سے کم عمر ہر بچے تک رسائی کا ایک اور موقع فراہم کیا جائے گا، بالخصوص ان بچوں تک جو گزشتہ مہمات کے دوران ویکسین سے محروم رہ گئے تھے ۔ مہم پر عمل درآمد صوبائی اور ضلعی محکمہ ہائے صحت کے تعاون سے کیا جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...