جرمن سفارتخانے کے زیراہتمام سالانہ کرسمس چیریٹی بازار
رنگ برنگے سٹالز،روایتی کھانے ، بچوں کی شاندار پرفارمنس ،حاضرین نے داددیسانتاکلاز تحائف تقسیم کرتے رہے ،کرسمس خوشیاں بانٹے کانام:سفیراینا لیپل
اسلام آباد (فوزیہ علی) اسلام آباد میں جرمن سفارت خانے کے زیر اہتمام سالانہ کرسمس چیریٹی بازار سجایا گیا جہاں کرسمس کی مناسبت سے رنگا رنگ سٹالز لگائے گئے جبکہ روایتی کھانوں اور موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا، بچوں نے شاندار پرفارمنس پیش کرکے حاضرین سے خوب داد سمیٹی،اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں لگائے گئے چیریٹی بازار کے ذریعے فلاحی سرگرمیوں اور ثقافتی ہم آہنگی کا پیغام اجاگر کیا گیا،اس موقع پر سجاوٹ کی مختلف اشیاء، جرمنی کے روایتی کھانوں اور کرسمس تحائف کے سٹالز شرکاء کی توجہ کا مرکز رہے ۔ تقریب میں شریک بچوں نے سانتا کلاز سے تحائف وصول کرکے بھرپور خوشی کا اظہار کیا،جرمن سفیر اینا لیپل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کرسمس خوشیاں بانٹنے ، دوسروں کی مدد کرنے اور انسانیت کی خدمت کا پیغام دیتا ہے ۔ کرسمس کا اصل مقصد دوسروں کیلئے خوشیاں پیدا کرنا ہے ۔ جرمن سفیر نے کرسمس چیریٹی بازار کے انعقاد میں تعاون کرنے والے تمام عطیہ دہندگان کا شکریہ ادا کیا،تقریب میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کرکے اپنی اپنی کمیونٹی کی نمائندگی کی، جرمن سفارت خانے کے عملے ، جرمنی، آسٹریا اور پاکستان کے رضاکاروں نے چیریٹی بازار کے انعقاد میں تعاون کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments