شکرپڑیاں میں لوک میلہ،روایتی کشمیری ملبوسات کی نمائش
کشمیر میوزیکل نائٹ خصوصی دلچسپی کا باعث بنی، لوک میلہ 6دسمبر تک جاری رہیگا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) لوک ورثہ کی جانب سے لوک ورثہ کمپلیکس شکر پڑیاں میں جاری لوک میلہ 2026 میں قائم کشمیر پویلین میں روایتی کشمیری دستکاری، کڑھائی، شالیں، روایتی ملبوسات ، ثقافتی اشیا اور دیگر ہنرمندی کے نمونے نمائش کے لیے رکھے گئے ہیں جنہیں دیکھنے کے لیے شہریوں اور ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد دلچسپی کا اظہار کر رہی ہے ،کشمیری ہنرمندوں اور فنکاروں کی شرکت نے میلے کی ثقافتی رنگارنگی میں مزید اضافہ کیا ہے ،لوک میلہ کے سلسلے میں منعقدہ کشمیر میوزیکل نائٹ بھی خصوصی دلچسپی کا باعث بنی، جس میں کشمیری فنکاروں نے اپنی خوبصورت آوازوں، روایتی لوک گیتوں اور دلکش موسیقی کے ذریعے حاضرین کو محظوظ کیا، کشمیری موسیقی کی مٹھاس، روایتی دھنوں اور ثقافتی رنگوں نے شرکا کو کشمیر کی حسین تہذیبی روایات سے روشناس کرایا،اس تقریب نے نہ صرف کشمیری ثقافت کو اجاگر کیا بلکہ مختلف علاقوں کے لوگوں کو ایک دوسرے کی تہذیب، روایات اور فنون سے قریب آنے کا موقع بھی فراہم کیا،لوک میلہ 6دسمبر تک لوک ورثہ شکرپڑیاں، اسلام آباد میں جاری رہے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments