مردانہ ملبوسات کی فروخت میں تیزی کرتوں کے نئے ڈیزائن متعارف
مہنگے برانڈ کے کرتوں کی قیمت2ہزارتا 7ہزارروپےاور سادہ کرتے 700 تا 3ہزارروپے میں فروخت ہورہے ہیں کاٹن کے سادہ و کڑھائی والے سوٹ،سوتی کپڑے میں رنگ برنگی کلیوں والے کرتے نوجوانوں میں مقبول ہیں ،دکاندار
کراچی (رپورٹ:رانا جاوید)عید الفطر کے موقع پر مردانہ ملبوسات کی فروخت میں بھی تیزی آگئی ہے ،مختلف برانڈز اور ڈیزائنرزنے اس سال بھی نت نئے ڈیزائن متعارف کروائے ہیں جبکہ پرانے ڈیزائن کے کُرتے بھی نسبتا ً کم قیمت پر فروخت کیلئے موجود ہیں ۔عید کے موقع پر درزیوں کے نخروں کو برداشت کرنے کے بجائے مرد حضرات بالخصوص نوجوان ریڈی میڈ سوٹ خریدنا پسند کرتے ہیں جس کے باعث طارق روڈ،کرتا گلی،صدر کوآپرٹیو مارکیٹ، بوہری بازار،کریم آباد،لیاقت آباد،حیدری،ملینیئم، صائمہ شاپنگ مال، حیدری سمیت دیگر مارکیٹوں میں مردانہ ملبوسات کے کاروبار میں اضافہ ہوگیا ہے۔ مشہور برانڈ کے ملبوسات فروخت کرنے والے دکانداروں کے مطابق نیا ڈیزائن بہت کم دن تک ہی نیا رہتا ہے دکانداروں کے مطابق رمضان المابرک کے پہلے عشرے میں کاروبار معمول کے مطابق رہتا ہے جس میں پندرہویں رمضان کے بعد تیزی آنا شروع ہوتی ہے اور آخری عشرے میں کاروبار عروج پر ہوتا ہے۔مہنگے برانڈ کے کرتوں کی قیمت 2 ہزار تا 7ہزار روپے تک ہے ۔زیادہ تر لوگ کاٹن کے سادہ و کڑھائی والے سوٹ،سوتی کپڑے میں رنگ برنگی کلیوں والے کرتے ، چکن اور واش اینڈ وئیر کے سوٹ خریدتے ہیں۔ لوکل ڈیزائنرز کے تیار کردہ ان کرتوں و شلوار قمیضوں کی قیمت سات سو تا تین ہزار روپے تک ہے۔مردانہ ملبوسات میں بچوں کے کپڑوں کو بھی خاص اہمیت دی جاتی ہے اور بچوں کے لیے بھی نئے کرتے متعارف کروائے جاتے ہیں جن کی قیمت تین سو تا سات سو تک ہے۔