انتظامیہ کیخلاف تاجروں کا احتجاج، جوڑیا بازار بند، اجناس کی سپلائی معطل

انتظامیہ کیخلاف تاجروں کا احتجاج، جوڑیا بازار بند، اجناس کی سپلائی معطل

یومیہ روزگار کمانے والے سیکڑوں مزدور ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہے، پرچون فروشوں کو بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا،راشن تقسیم کرنے والے مخیر ادارے بھی بازار کھلنے کے منتظر، سرکاری نرخ نامہ کے مطابق اشیا کی فروخت ناممکن، تاجر رہنما

کراچی (بزنس رپورٹر) پاکستان میں اجناس کی سب سے بڑی تھوک مارکیٹ جوڑیا بازار کو کمشنر کراچی اور شہری انتظامیہ کے خلاف احتجاج کے طور پر بند کردیا گیا، بازار کی بندش سے شہر میں اجناس کی سپلائی معطل ہوگئی جبکہ بازار میں یومیہ روزگار کمانے والے سیکڑوں مزدور بھی ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے رہے۔ جوڑیا بازار پاکستان میں اجناس کی لائف لائن ہے ، یہاں پاکستان بھر میں پیدا ہونے والے چاول، دالیں اور دیگر اجناس فروخت کی جاتی ہیں۔ دوسری جانب درآمدشدہ دالیں، مصالحہ جات اور دیگر خوردنی اشیا بھی اسی بازار سے ملک بھر میں سپلائی ہوتی ہیں۔کراچی ریٹیل گروسرز گروپ کے جنرل سیکریٹری محمد قریشی کے مطابق جوڑیا بازار کی بندش سے شہر میں اجناس کی ترسیل متاثر ہورہی ہے بالخصوص چینی کی دستیابی میں مشکلات کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری نرخ نامہ جاری نہ ہونے سے ریٹیلرز بھی متاثر ہورہے ہیں، تین سال سے اجناس کی سرکاری لسٹ تبدیل نہیں ہوئی، اس دوران ہول سیل میں قیمتیں دگنی ہوچکی ہیں، ایسی صورتحال میں خوردہ سطح پر سرکاری نرخ نامہ کے مطابق اشیا کی فروخت ناممکن ہے، تاہم انتظامیہ اور کمشنر کراچی اس صورتحال سے لاتعلق ہیں۔ کراچی ہول سیل گراسرز ایسوسی ایشن کے صدر عبدالرؤف ابراہیم کے مطابق اجناس کی تھوک سرکاری قیمت میں تین سال سے ردوبدل نہیں کیا گیا لیکن شہری انتظامیہ ان قیمتوں کو نافذ کرنے پر بضد ہے۔ اس سلسلے میں کمشنر کراچی کو بھی باضابطہ آگاہ کیا گیا اور کریانہ آئٹم کی سرکاری پرائس لسٹ جاری کرنے کی اپیل کی گئی، تاہم رمضان کی آمد کے باوجود مارکیٹ کے نرخ کے مطابق پرائس لسٹ جاری نہ ہو سکی۔ جوڑیا بازار کی بندش کے باعث شہر کے مختلف علاقوں سے خریداری کے لیے آنے والے پرچون فروشوں کو بھی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا، راشن تقسیم کرنے والے مخیر اداروں اور افراد کی بڑی تعداد بھی جوڑیا بازار کھلنے کی منتظر ہے، ایسے اداروں اور افراد کا کہنا ہے کہ رمضان میں مستحق گھرانوں کو راشن کی فراہمی کا عمل بھی جوڑیا بازار کی بندش کی وجہ سے معطل ہوگیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں