نالوں کی صفائی،ایک دن میں 112ڈمپر کچرانکالا گیا

نالوں کی صفائی،ایک دن میں 112ڈمپر کچرانکالا گیا

ضلع شرقی،جنوبی،غربی،وسطی،ملیر اور کورنگی کے 25 نالے صاف کیے گئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سیکریٹری بلدیات نجم احمد شاہ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت برساتی نالوں کی صفائی اور مستقل حل کے لئے سنجیدہ کاوشوں میں مصروف نظر آرہی ہے ، جاری کام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ لوگوں کی سہولت کے لئے محکمہ بلدیات ہمہ وقت تیار ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ روز شروع ہونے والی نالوں کی صفائی مہم میں کل دن کے اختتام تک 112 ڈمپرز میں برساتی نالوں سے نکالا جانے والا کچرا لینڈ فل سائٹس تک منتقل کیا گیا جو نہایت ہی حوصلہ افزا کارکردگی ہے ۔ نجم احمد شاہ کے مطابق نالوں سے نکالا جانے والا تمام کچرا ایس او پیز کی پیروی کے تحت جام چاکرو اور گوند پاس لینڈ فل سائٹس پر منتقل کیا جارہا ہے ۔ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ سندھ نے بتایا کہ ڈسٹرکٹ ایسٹ، ساؤتھ، ویسٹ، ملیر، کورنگی اور بلدیہ وسطی کے 25 برساتی نالوں سے کچرا نکالا گیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ ایسٹ میں واقع سونگل نالہ، پہلوان گوٹھ نالہ، چکور نالہ، نیپا چورنگی نالہ اور محمود آباد نالہ صاف کیا گیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں واقع پچر نالہ،کرلی نالہ، سولجر بازار نالہ، سٹی نالہ اور فریئر نالہ کلیئر کر دیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ویسٹ کی حدود میں شیر شاہ نالہ، موچکو نالہ، مسرور بیس نالہ اور حب ریور روڈ نالہ کی صفائی کی گئی۔ ضلع ملیر میں مہران کٹ نالہ اور بھینس کالونی والے نالے کو کلیئر کیا گیا ہے ، جبکہ ڈسٹرکٹ کورنگی کی حدود میں CBM نالہ، 8000روڈ نالہ،12000روڈ نالہ اور 10000روڈ نالہ کو بھی صاف کیا گیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں