انڈسٹری سے تعلق کے عنوان پر سی ای او فورم کا انعقاد
انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) کے زیر اہتمام گزشتہ روز انڈسٹری سے تعلق کے عنوان پر سی ای او فورم کا انعقاد آئی بی اے سٹی کیمپس میں کیا گیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) اس مباحثے کی نظامت آئی بی اے کراچی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر اکبر زیدی نے کی، جس میں جہاں آرا اور رضا پیر نے بطور مقررین شرکت کی۔ سیشن کا آغاز کرتے ہوئے ڈاکٹر زیدی نے مقررین سے سوال کیا کہ تعلیم اور صنعت کے مابین موجودہ خلا کو کیسے ختم کیا جائے، جبکہ تعلیم کس طرح انڈسٹری اور اس سے وابستہ درپیش چیلنجز کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکتی ہے؟۔ ڈاکٹر زیدی نے کہا کہ جامعات میں اسکول کی نسبت نصاب میں تبدیلی لانے کی زیادہ صلاحیت ہوتی ہے۔ دوسرے سیشن میں صنعت کار، طلبا، میڈیا، ماہرین تعلیم اور کارپوریٹ سیکٹر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔