نامعلوم گاڑی نے موٹرسائیکل سواروں کورونددیا

نامعلوم گاڑی نے موٹرسائیکل سواروں کورونددیا

حادثہ کریم آباد پل پر پیش آیا، 18سالہ ابوبکرجاں بحق، توحیداورکامران زخمی،گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے سعیدچل بسا،نشے کاعادی شخص گرنے سے ہلاک

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں ٹریفک حادثے میں کم عمر نوجوان جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہوگئے ،کرنٹ لگنے و دیگر واقعات میں دو افراد چل بسے۔ تفصیلات کے مطابق عزیز آباد کے علاقے کریم آباد پل کے قریب نامعلوم گاڑی ٹکر سے 18سالہ ابوبکر جاں بحق اور اس کے دوست 16سالہ توحید اور 15سالہ کامران شدید زخمی ہوگئے جنہیں پولیس نے ایمبولینس میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔ پولیس کے مطابق متوفی اور اس کے دوست موٹرسائیکل پر سوار تھے کہ تیز رفتار گاڑی ٹکر مارتے ہوئے فرار ہوگئی، تاہم پولیس واقعہ کی مزید جانچ کررہی ہے ۔ بلوچ کالونی کے علاقے منظور کالونی نزد حنفیہ جامع مسجد کے قریب گھر میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے 25 سالہ سعید ولد رمضان جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش جناح اسپتال لائی گئی، جہاں ڈاکٹروں نے موقع معائنے کے بعد موت کی تصدیق کردی، جس پر اہلخانہ بغیر کارروائی لاش لیکر چلے گئے۔ پاک کالونی کے علاقے پرانا گولیمار ریکسل پل کے قریب 40 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جس کے سر سے خون بہہ رہا تھا۔ پولیس نے لاش کو ایمبولینس کی مددسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا ۔ پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت محمد ولد اسحاق کے نام سے ہوئی جو پاک کالونی کا رہائشی اور نشے کا عادی تھا، نشے میں گرنے سے سر پر گہری چوٹ لگی جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوئی۔ پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاکے حوالے کر دی۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں