جشن میلاد کے جلوسوں کو مکمل سیکیورٹی دینگے، فیاض بٹ

جشن میلاد کے جلوسوں کو مکمل سیکیورٹی دینگے، فیاض بٹ

جلوسوں کے راستوں پر صفائی کے بہترین انتظامات کیے جائیں گے، مشیر مذہبی امور ،بارہ ربیع الاول ایک عظیم دن، علما کرام امن و آشتی کا درس دیں، جامعہ نعیمیہ کا دورہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے مذہبی امور و زکوٰۃ و عشر فیاض علی بٹ نے کہا ہے کہ حکومت 12 ربیع الاول کے جلوسوں کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرے گی، جلوسوں کے گزرنے کے راستوں پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات کیے جائیں گے تاکہ شرکاکو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو جامعہ نعیمیہ کے دورے کے موقع پر علما کرام سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سینٹرل طحہٰ سلیم بھی وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے مذہبی امور و زکوٰۃ و عشر فیاض علی بٹ کے ہمراہ تھے۔ دورے کے موقع پر مفتی منیب الرحمن اور ڈاکٹر جمیل راٹھور نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ فیاض علی بٹ نے علماکرام سے درخواست کی کہ وہ 12 ربیع الاول کے عظیم موقع پر امن و آشتی کا درس دیں کیونکہ مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کے فروغ سے ملک و صوبے کی ترقی ممکن ہے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیرنے مزید کہا کہ 12 ربیع الاول ایک عظیم دن ہے، اس موقع پر ہمیں مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ سربراہ اہلسنّت والجماعت مفتی منیب الرحمن اور دیگر علماکرام نے وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر برائے مذہبی امور فیاض بٹ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ علاوہ ازیں مشیر مذہبی امور فیاض علی بٹ نے مدرسہ دارالعلوم امجدیہ کا دورہ بھی کیا۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں