محفل مرتضیٰ میں امسال بھی جلسہ اتحاد بین المسلمین کا انعقاد

محفل مرتضیٰ میں امسال بھی جلسہ اتحاد بین المسلمین کا انعقاد

سیرت النبیؐ اپنا لی جائے تو مسلکی اختلاف کی گنجائش ہی ختم ہو جاتی ہے ،مولانا اصغر درس ،اسلام میں عام و خواص سب کے لئے حقوق متعین کردیے گئے ، ڈاکٹر زاہد، شیخ قطب و دیگر

کراچی (اسٹاف رپورٹر)محفل مرتضیٰ کراچی میں امسال بھی جلسہ اتحاد بین المسلمین منعقد کیا گیا۔ محفل کا آغاز قاری شکور علی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا، اس کے بعد معروف بوہری نعت خواں بریر بھائی، شبیر حسین بھائی قادی والا اور علی اصغر بھائی حویلی والا نے نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ اس کے بعد ایک فکر انگیز موضوع پر مذاکرہ بعنوان ’’مسلکی مسائل کا حل قرآن پاک اور رسول اکرم ؐ کی سیرت و تعلیمات کی روشنی میں‘‘ منعقد ہوا۔ مولانا اصغر درس، معروف اسکالر ڈاکٹر زاہد علی زاہدی، سبز علی، حاجی بیگ، شیخ قطب الدین بھائی اور شیخ شبیر بھائی کوٹہاری نے فکر انگیز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرکار دو عالم ؐکی سیرت کو اپنا لیا جائے تو مسلکی اختلاف کی کوئی گنجائش ہی یکسر ختم ہوجاتی ہے، حضرت محمد مصطفیؐ کی سیرت مکمل نمونہ حیات ہے ، اسلام میں عام و خواص سب کے لئے حقوق و فرائض متعین کردیے گئے ہیں، غیر مسلموں کے حقوق کی بھی پاسداری کی گئی ہے ، امت مسلمہ اگر قرآن پاک اور سیرت النبی ؐ کا دامن تھام لے تو کوئی اختلاف موجود ہی نہ رہے ۔ مذاکرے کے اختتام پر صدارتی ایوارڈ یافتہ معروف نعت خواں قاری وحید ظفر قاسمی نے روح کو گرماتے ہوے نعتوں کا نذرانہ اپنے مخصوص انداز میں پیش کیا۔ محفل میلاد النبی ؐ کا اختتام انتہائی پرجوش فضاؤں میں عاشقان نبی نے درود و سلام کے ساتھ کیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں