فشرمینز سوسائٹی، ملازمین میں گریجویٹی کے چیک تقسیم

فشرمینز سوسائٹی، ملازمین میں گریجویٹی کے چیک تقسیم

ادارے کی خدمت کرنے والے واجبات کیلئے دھکے کھا رہے تھے،ایڈمنسٹریٹر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فشرمینز کوآپریٹو سوسائٹی کے ایڈمنسٹریٹر زاہد ابراہیم بھٹی نے کہا ہے کہ منافع بخش ادارے کو لوٹ مار کرکے تباہی کے دہانے پر پہنچانے والوں نے ملازمین کو بھی معاف نہیں کیا، وہ زندگی بھر ادارے کی خدمت کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کی گریجویٹی بھی ڈکار گئے۔ ریٹائرڈ ملازمین میں گریجویٹی کے چیکس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ ماہی گیروں کے ادارے کو نوچ نوچ کر کھانے والوں نے ریٹائرڈ ملازمین کو بھی نہیں بخشا، زندگی بھر ادارے کی خدمت کرنے کے بعد ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین گریجویٹی کے حصول کیلئے عرصہ دراز سے دھکے کھا رہے تھے، مگر ان کی سننے والا کوئی نہیں تھا، اس ادارے میں جو بھی آیا اس نے کرپشن کر کے صرف اپنی جیبیں بھریں، یہ ظلم کی انتہا ہے ، ہم ایسا سسٹم بنا دیں گے کہ آئندہ ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو گریجو یٹی کی بروقت ادائیگی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ادارے کا چارج سنبھالا تو اکاؤنٹ بالکل خالی تھا، ملازمین کو وقت پر تنخواہ اور دیگر سہولتوں کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں، ان شاء اللہ بہت جلد ادارے کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے ، میں اورمیری ٹیم کبھی بھی اپنی قیادت کو مایوس نہیں ہونے دیں گے، فشر مینز کوآپریٹو سوسائٹی کو خوشحال اور باوقار ادارہ بنا کر د م لیں گے۔ تقریب میں احمد مجتبیٰ بھٹی، محمد حسین، احمد یوسف، علی اصغر شاہ، شوکت حسین و دیگر بھی موجود تھے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں